اوستا محمد سول ہسپتال سے مبینہ طور پر غائب نومولود بچی بازیاب، ایک خاتون گرفتار
اوستہ محمد( آئی این پی )تحصیل ہیڈکوارٹر سول ہسپتال اوستا محمد سے نومولود بچی کے مبینہ طور پر غائب ہونے کے واقعے پر ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے بچی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غائب ہونے والی نومولود بچی کو بازیاب کرلیا اور ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق عبدالکریم کھوسہ نے اہلخانہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صبح تقریبا 11 بجے ان کی اہلیہ کے ہاں بچی کی پیدائش ہوئی جس کے بعد لیڈی ڈاکٹر نے نومولود بچی کو گیس میں رکھنے کا کہا۔ اس دوران ساتھ موجود خاتون کو ادویات لانے کے لیے باہر بھیجا گیا۔ عبدالکریم کھوسہ کے مطابق خاتون ادویات لے کر واپس آئی تو نومولود بچی وہاں موجود نہیں تھی۔انہوں نے بتایا کہ لیڈی ڈاکٹر سے بچی کے بارے میں دریافت کیا گیا تو بتایا گیا کہ بچی کسی اور خاتون کے حوالے کردی گئی ہے تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بچی کا کوئی سراغ نہیں مل سکا جس پر ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ سے واقعے کی وضاحت اور سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی شروع کی اور مبینہ طور پر غائب ہونے والی نومولود بچی کو بازیاب کرلیا جبکہ واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے بچی کو بحفاظت ورثا کے حوالے کردیاجس کے بعد اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے پولیس کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوں سے تفتیش کی جارہی ہے۔


