کراچی میں عوام کے سمندر کو دیکھ کر حکومتی ترجمانوں کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں،علی مدد جتک
کوئٹہ :پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں کراچی میں عوام کے سمندر کو دیکھ کر حکومتی ترجمانوں کی نوکریاں خطرے میں پڑ گئی ہیں خان صاحب ابھی صرف آغاز ہے آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا ، پیپلز پارٹی غریب ،مزدور ،دہکان ،کسان ،ملازم کی جماعت ہے انکے حقوق کے حصول پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے،سانحہ کارساز کے شہید جیالے کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے جمہوریت کو جلا بخشی جن کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ،پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات سے پیپلز پارٹی کوعوام کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا پیپلزپارٹی نہ پہلے جھوٹے مقدمات سے مرعوب ہوئی ہے اور نہ ہی آئندہ ہوگی۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،شیخ جعفر خان مندوخیل، شریف خان خلجی ،حیات خان اچکزئی ،در محمد ہزارہ ،سعید آغا،ملک ذیشان،چوہدری شان سلامت،انور مینگل ،ڈاکٹر عبدالغنی بنگلزئی،یوسف بنگلزئی اوردیگر نے اتوار کو شہداء کارساز کی برسی کے حوالے سے صوبائی میڈیا سیل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور غریبوں میں لنگربھی تقسیم کیا گیا مقررین نے کہا کہ جمہوریت کی بنیادوں میں ہماری قیادت اور کارکنوں کا خون شامل ہے آج کے دن شہید بی بی ان اور انکے جانثاروں نے آمر کا مقابلہ کیاہم جانیں دے کر بھی میدان میں کھڑے ہیں اور آمر مشرف بھاگا پھر رہا ہے، آمروں نے ہمیشہ طوالت اقتدار کی خاطر جمہوریت پسندوں کا خون بہایا ہے پی پی پی کی قیادت اور کارکنوں نے ہر آمریت کے خلاف خون کا نذرانہ دیا ہماری منزل ایسا پاکستان ہے جہاں بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب و جنس سب پاکستانی برابر ہوں، چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی پسند اور روشن خیال پاکستان کی طرف سفر جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ اٹھارہ اکتوبر جمہوریت کے سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس دن پاکستان پیپلز پارٹی کے لاکھوں کارکنوں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وطن واپسی پر استقبال کرکے اور اس سانحہ میں پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کردیا کہ ہم ملک میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرا نظام نہیں چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آمروں نے ہمیشہ جمہوریت کو کچلنے کی کوشش کی ہے مگر پاکستان کے غیور عوام نے ان پر کبھی اعتماد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نہ کبھی جیلوں کی پرواہ کی ہے اور کوڑے کھانے میں پیچھے ہٹے ہیں بلکہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر انہوں نے اپنے خون سے جمہوریت کے پودے کو سینچا ہے آج پاکستان میں جمہوری اقدار کی پاسداری صرف پاکستان پیپلز پارٹی کی مرہون منت ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا دن قومی سانحہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا جب پاکستان کی بہادر بیٹی شہید بی بی نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر وطن کی مٹی پر قدم رکھا اور آمروں کو کھلا پیغام دیا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے سانحہ کار ساز کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے ہیں پیپلز پارٹی کے قائدین اورکارکنوں نے پہلے بھی جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات کا سامنا کیا ہے اورانشاء اللہ آئندہ بھی ہم ب بنیاد مقدمات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گجرنوالہ اور کراچی کے کامیاب جلسوں کے بعد وفاقی حکومت کے خاتمے کے دن قریب ہیں پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ جمہوری قوتوں کے ساتھ رہی ہے وزیراعظم عمران خان ملک کے عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کی بجائے لاکھوں لوگؤں کوبے روزگارکردیا ہے ایسا لگ رہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمران سازش کے تحت جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے پاکستان پیپلز پارٹی اوردیگر جمہوری جماعتیں ملکرحکومت کی سازشوں کو ناکام بنایں گے۔انہوں نے کہا کہ 25اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ حکمرانوں کیلئے تابوت میں انشاء اللہ آخری تابوت ثابت ہوگا۔


