پابندیوں کے باوجود کوالکوم کو 4 جی چپس ہواوے کو فروخت کرنیکی اجازت

ہواوے کو امریکی پابندیوں کے نتیجے میں اسمارٹ فونز کی تیاری کے لیے درکار پرزہ جات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مگر اب لگتا ہے کہ ان مشکلات میں کسی حد تک کمی آئی ہے کہ کیونکہ کوالکوم کو 4 جی موبائل چپ ہواوے کو فروخت کرنے کے لیے امریکی حکومت کا لائسنس مل گیا ہے۔
خبررساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کوالکوم کی ایک ترجمان نے کہا ‘ہمیں مختلف پراڈکٹس کا ایک لائسنس ملا ہے جس میں کچھ 4 جی پراڈکٹس بھی شامل ہیں’۔ترجمان نے واضح نہیں کیا کہ کوالکوم کو کونسی مصنوعات فروخت کرنے کی اجازت ملی ہے، بس یہ بتایا کہ یہ موبائل ڈیوائسز کے لیے ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ کوالکوم کی لائسنس کی دیگر درخواستیں ابھی تک حکام کے پاس ہیں اور ہم ان کی منظوری کا انتظار کررہے ہیں۔رواں سال اگست میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے خدشات کو بنیاد بنا کر امریکی محکمہ تجارت نے ہواوے کی امریکی سافٹ ویئر اور آلات کی مدد سے تیار ہونے والی چپس تک رسائی کے لیے پابندیوں کو سخت کردیا تھا۔
اس وقت امریکی محکمے کا کہنا تھا کہ وہ ہواوے کے لیے عارضی لائسنس کی مدت میں توسیع نہیں کررہی، جس سے چینی کمپنی کو مختلف آلات کے حصول میں مدد ملتی تھی۔
یہ عارضی لائسنس گزشتہ سال مئی میں کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد سے جاری کیا جارہا تھا۔
اسی مہینے ہواوے نے بتایا تھا کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں وہ پراسیسر چپس کی قلت کا سامنا کررہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں