جرمن شہر اوبرہاؤزن میں چاقو سے حملہ، متعدد افراد زخمی

جرمنی کے مغربی شہر اوبرہاؤزن میں چاقو سے کيے جانے والے ايک حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہيں۔ حکام کے مطابق بظاہر يہ واقعہ خاندانی جھگڑے کی وجہ سے پیش آيا۔ مشتبہ حملہ آور کو حراست ميں لے ليا گيا ہے۔
جرمنی کے مغربی شہر اوبرہاؤزن میں حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات انيس نومبر کی شب ایک شخص نے چاقو سے متعدد افراد پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے ميں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ حملہ آور سميت تمام افراد کو طبی امداد کے ليے ہسپتال منقتل کر ديا گيا ہے۔ کم از کم ايک شخص کو شديد زخم آئے ہيں۔ حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کو بتایا کہ مشتبہ ملزم بھی زخمی ہوا، جسے بعد میں حراست میں لے لیا گيا۔ زخميوں کو علاج کے لیے ايک مقامی ہسپتال منتقل کيا گيا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حملے کی وجہ کیا تھی لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر ایسا لگتا ہے یہ واقعہ ایک خاندانی جھگڑے کی وجہ سے پیش آيا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے نیوز ایجنسی ڈی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا کوئی انديشہ نہیں کہ حملے کا تعلق دہشت گردی سے ہے۔
یہ حملہ اوبرہاؤزن میں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے پیش آيا۔ پڑوسیوں نے ہنگامہ آرائی کی ‌آواز سن کر پولیس کو کال کی، جس نے فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ پولیس حکام نے نصف شب سے پہلے پہلے اپنی تمام تر کارروائی مکمل کر لی تھی۔
مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے میں محکمہ ایزین سے مدد بھی طلب کی۔ واقعے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں