11جماعتوں کا پھس پاور شو۔۔۔ چلو بھر پانی میں ڈوب مرنے کا مقام ہے:فردوس عاشق اعوان
لاہور:وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہاہے کہ 11جماعتوں کا پھس پاور شو پی ڈی ایم ٹولے کے لئے چلو بھر پانی میں ڈوب مرنے کا مقام ہے -زندہ دلان لاہور نے پی ڈی ایم کو اس کی اوقات یاد دلا دی -راجکماری اور کینزیں نوشتہ دیوار پڑھ لیں -لاہور کے شہریوں نے کرپٹ مافیا کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے -سوا کروڑ کی آبادی میں سے صرف چند ہزار لوگوں کا اجتماع پی ڈی ایم کے منہ پر طمانچہ ہے -8 دسمبر کے بعد 13 دسمبر بھی گزر گیا،راجکماری،شہزادہ اور مولانا کی حسرتوں کا جنازہ دھوم سے نکلا- ان میں رتی بھر بھی شرم یا حیا ہے تو اب منفی سیاست سے توبہ کرلیں -فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لاہور کے ناکام جلسہ نے پی ڈی ایم کے گیس والے غبارے سے ہوا نکال دی ہے اور ہواؤں میں اڑنے والا پی ڈی ایم ٹولہ زمین بوس ہو گیاہے-اللہ تعالی کے فضل و کرم سے جلسہ گاہ ”سماجی فاصلوں“ کا منظر پیش کرتی رہی -جلسے کے بعد یہ ٹولہ گھر کا رہا نہ گھاٹ کا -انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی موجودہ صورتحال میں اجتماع کرنا سیاسی حماقت تھی اور اب یہ ٹولہ اس حماقت کا خمیازہ بھگت رہا ہے-انہوں نے کہا کہ24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں 14 مریض کورونا سے جاں بحق ہوئے-کورونا کے 329 نئے کیسزسامنے آئے ہیں -لاہور میں مریضوں کی تعداد تقریباً 62 ہزار228 ہو چکی ہے-پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار541 تک پہنچ چکی ہے -پنجاب میں اب تک 3365 مریض کورونا کے باعث اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں


