کورونا، حکومت کے پاس ویژن ہے نہ ہی عوام کو ریلیف میسر، بی این پی
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے عوام حکومتی امداد سے محروم ہیں صوبائی حکومت کی نااہلی اور کمزوری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے دیگر صوبوں میں امدادی پیکیجز کا اعلان اور عملدرآمد شروع ہو چکا ہے وہاں عوام کو مختلف طریقوں سے ریلیف مہیا کی جا رہی ہے لیکن بلوچستان حکومت پیکیج دینے اور امدادی کارروائیاں شروع کرنے سے قاصر دکھائی دے رہی ہے صرف لفاظی حد تک دعوے کئے جا رہے ہیں عوام کورونا وائرس سے خطرات کے ساتھ ساتھ بھوک افلاس اور فاقہ کشی کا شکار ہو رہے ہیں صوبائی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر نہیں اپنائی گئی اور ناقص سہولیات اور تفتان بارڈر پر حکومتی ناتجربہ کاری نے ملک کو وباسے دوچار کر دیا جو المیہ سے کم نہیں حکومتی پیکیج میں ہر ڈویژن کو محدود رقم دینا عوام کے ساتھ مذاق ہے بلند و بالا دعوے کرنا حکومت کا شیوہ رہا ہے عملی طور پر عوام کے سامنے ان کے حقیقی چہرے بے نقاب اور صلاحیتیں سامنے آ گئی ہیں حکمران بلوچستان میں مشکل کی گھڑی میں ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہیں ایک طرف پنجاب اور سندھ کی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پیکیجز اور ریلیف کا اعلان کیا دوسری جانب بلوچستان حکومت لفاظوں کے ہیر پھیر اور من گھڑت دعوے کرتے نہیں تھک رہی بلوچستان وسیع و عریض سرزمین ہے ہر ڈویژن کیلئے کم رقم رکھناعوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے امکان یہی ہے کہ سابق وعدوں کی طرح صوبائی حکومت بلوچستان کے عوام سے ہاتھ کر جائیگی اورامدادی رقم مستحقین کی بجائے من پسند افراد کی نظر ہو جائیگی بلوچستان حکومت کورونا وائرس جیسے وباسے عوام کو محفوظ رکھنے میں ناکام ہو چکی حکومت کے پاس کوئی ویژن نہیں کھربوں روپے لیپس ہو رہے ہیں مگر غریب محنت کشوں کو ریلیف نہیں دیا جا رہا۔