سینیٹر برنی سینڈرز کی تصویر وائرل،اس کی میم نے ہزارروپ دھا رلئے
واشنگٹن :امریکی سینیٹر برنی سینڈرز کی جو بائیڈن کی صدارتی حلف برداری کے موقع کی ایک تصویر فورا ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اس کی میم نے ہزار روپ دھار لئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تصویر میں وہ مٹنز پہنے ماسک کے پیچھے سے جھانکتی آنکھوں کے ساتھ ایک کرسی پر بیٹھے نظر آئے۔ مٹنز ایک خاص قسم کا دستانہ ہوتا ہے جس میں الگ الگ انگلیاں نہیں بنائی جاتیں۔ بس پھر کیا تھا، دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر ان کے میم بننے لگے۔ اور پھر گویا میمز بنانے کا مقابلہ شروع ہو گیا۔وائرل ہونے والی میم میں وہ سسٹین چیپل میں مائیکل اینجلو کا ہینڈ آف گاڈ سے لے کر فلم گھوسٹ کی ڈیمی مور کے ساتھ مٹی کے پوٹری وہیل میں مدد دیتے اور کبھی 1945 کی دوسری عالمی جنگ کی یالٹا کانفرنس میں برطانوی وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل اور امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ اور روسی لیڈر جوزف سٹالن کے ساتھ بیٹھے نظر آئے۔مگر دو مرتبہ امریکی صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل ہونے والے79 سالہ برنی سینڈرز کا کہنا تھا کہ وہ اس سے ذرا بھی ناراض نہیں ہوئے، بلکہ اس میم کی وجہ سے وہ اپنی ریاست اورماؤنٹ میں ٹی شرٹس اور سویٹ شرٹس فروخت کر رہے ہیں اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کم آمدنی والے معمر شہریوں کیلئے میلز آن وہیلز پروگرام میں صرف کی جائے گی۔دوسری جانب 42 سالہ ایلیمنٹری سکول ٹیچر جینیفر ایلس نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اچانک انہیں اتنی شہرت مل جائے گی۔ ہاں اتنا ضرور ہوا کہ ورمانٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں جو مٹنز پہنے تھے وہ ان کے بنائے ہوئے تھے۔گزشتہ بدھ کے روز تک ایلس ورمانٹ کے ایک چھوٹے سے قصبے میں خاموشی کی زندگی گزار رہی تھیں، مگر برنی سینڈرز کی وہ تصویر جس میں وہ مٹنز اور ماسک پہنے بیٹھے تھے وائرل ہوتے ہی 15 منٹ کے اندر اندرایلس کیلئے بھی فون کالز کا تانتا بندھ گیا۔ اور مٹنز بنانے کی فرمائیشیں ہزاروں تک جا پہنچی ہیں،تاہم جینیفر ایلس نے کہاکہ وبا کے ان دنوں میں خوشی کا چھوٹا سا احساس بھی بہت ہے اور ہم سب کو یکجا کرتا ہے۔


