صوبے میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں،ضیاء لانگو

کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ لاک ڈاون میں نرمی سے صوبے میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں احتیاطی تدابیر پرعمل اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی ضرورت پہلے سے بڑھ گئی ہے، عوام خریداری کرتے وقت احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں بصورت مارکیٹیں مجبورا سیل کرنا پڑیں گی ان خیالات کااظہار میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہاہے کہ صوبے کے باشعور شہری اپنوں، اپنے پیاروں اور دوسروں کو اس مہلک وبا ء سے محفوظ بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ صورتحال میں لوگوں اور خصوصا معاشرے کے کمزور طبقوں کو درپیش مالی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیاہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ یہ وبا ختم ہو گیا ہے اور حالات معمول پر آگئے ہیں بلکہ اب اس وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے لہذا عوام کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ ہم صوبے کے معروضی حالات اور زمینی حقائق کے پیش نظر ہرچیز کو مکمل طور پر بند نہیں رکھ سکتے کیونکہ ہمیں کورونا وبائکی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لئے معیشت اور کاروبار زندگی کا پہیہ بھی چلانا ہے اس لئے ان دونوں صورتحال کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم پر اپنا خصوصی رحم و کرم کرے اور مستقبل قریب میں یہ وبا ختم ہو جائے بصورت دیگر ہمیں اس وبا کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا اور اپنے سماجی عادات و اطوار کو بدلنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے تاجر برادری اور کاروباری حضرات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مشروط طور پر کھولے گئے بازاروں میں احتیاطی تدابیر اور سماجی رابطوں کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ کو مجبورا ان متعلقہ مارکیٹوں کو سیل کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں