بلوچستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی، اب تک 8افراد جاں بحق، 9زخمی، ترجمان

کوئٹہ (انتخاب نیوز)این ڈی ایم اے نے ملک میں 17سے 22اپریل کے دوران شدید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں آندھی اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے نے بتایا کہ بلوچستان میں 17سے 19اپریل جبکہ سندھ اور پنجاب میں 18سے19اپریل کے دوران بارشیں ہوں گی، خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائڈنگ ہونے کا بھی خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کر دیا، علاوہ ازیں این ڈی یم اے کی تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئی، ترجمان حکومت بلو چستان شاہد رند نے بارشوں کی صورتحال پر کہا ہے کہ بلوچستان میں بارشوں کی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات جاری ہیں،آسمانی بجلی و چھتیں گرنے کی وجہ سے اب تک صوبے میں 08 افراد جاں بحق جبکہ 09 زخمی ہوگئے ہیںترجمان صوبائی حکومت کے مطابق نقصانات کی ابتدائی رپورٹس موصول ہوئی ہیں،بارش و سیلابی پانی کی وجہ سے 40 کے لگ بھگ گھروں کو نقصان پہنچا، 92 کے قریب گھروں کو جزوی نقصان پہنچا،متاثرہ اضلاع میں لنک سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے،متاثرہ اضلاع میں ذرائع مواصلات کی بحالی کا کام جاری ہے متاثرہ اضلاع میں نقصانات کے تعین کیلئے سروئے جاری ہے۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیاتی مرکز بلوچستان کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گوادر جیوانی، پسنی، کیچ (تربت)، آواران، چاغی(نوکنڈی، دالبندین)، پنجگور، خاران، واشک اور نوشکی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ چند ایک مقامات پر بہت زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ آنیوالے 36 سے 48 گھنٹوں کے دوران تمام متعلقہ محکموں سے گزارش ہے کہ وہ اس دوران الرٹ رہیں۔بدھ کو گوادر، کیچ(تربت)، آواران، چاغی، خاران، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ہے۔ ڈیرہ بگٹی، لورالائی، دالبندین، پنجگور، ہرنائی، کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، کاریزات، قلعہ سیف اللہ، مستونگ، شیرانی، ژوب، موسی خیل اور بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔جمعرات کو گوادر، کیچ (تربت)، آواران، چاغی، خاران، پسنی، اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ہرنائی، کوئٹہ، ضربت، چمن، پشین، کریزات، پنجگور، دالبدین، قلعہ سلف اللہ، مستونگ، شیرانی، ژوب، موسی خیل اور بارکھان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور جزوی طور پر ابر آلود رہا جب کہ جیوانی 44، گوادر 16، تربت 15، پنجگور 12، خضدار 09، قلات 04، نوکنڈی 03 میں بارش ملی میٹر ہوئی۔دالبندین میں 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں