دکی میں کول مائنز اونرز اور دیگر تنظیموں کا اجلاس، فی ٹن 230 روپے سیکورٹی ٹیکس نہ دینے کا فیصلہ

دکی (آئی این پی) دکی میںکول مائنز اونرز اور دیگر تنظیموں کا اجلاس ،27اپریل بروز ہفتہ سے فی ٹن 230روپے سیکورٹی ٹیکس ادا نہ کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز دکی میں نو مغوی مزدوروں کی عدم بازیابی ،سینکڑوں کوئلہ کانوں کی بندش اور کول مائنز کو سیکورٹی کی عدم فراہمی کے حوالے سے کول مائنز اونرز ،پیٹی ٹھیکداران ،کول ایسوسی ایشن ،کول سپلائرز ایسوسی ایشن ،نیشنل لیبر فیڈریشن ،پاکستان ورکرز فیڈریشن ،ٹرک ایسوسی ایشن اور دیگر تنظیموں کا اجلاس جمعیت علما اسلام کے صوبائی رہنماہ سردار اکبر خان ناصر کے زیر صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں نواب خان دمڑ ،میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ملک کلیم اللہ ترین ،ڈسٹرکٹ چیرمین حاجی خیر اللہ ناصر ،عبدالرزاق مندوخیل ،حاجی ایوب ناصر ،حاجی محمد طاھر ناصر ،حاجی سلیم ناصر ،حاجی سردار خان ناصر ،امان اللہ ناصر ،حاجی شفیق ناصر باران خان ،امبر خان سواتی ،شیر محمد کاکڑاور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27اپریل بروز ہفتہ سے مکمل طور پر سیکورٹی ٹیکس فی ٹن 230روپے کو بند کرکے مکمل طور پر بائیکاٹ کیا جائیگا۔اور کوئی بھی شخص آئندہ سیکورٹی ٹیکس جمع نہیں کریگا۔جبکہ 26اپریل کو ہونے والے مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے آئندہ کا لائحہ عمل بھی طے کی جائیگی۔اجلاس میں نو رکنی کول مائنز کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم مائنز اونرز کے موجودہ کمیٹی کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے۔سیکورٹی ٹیکس کوئلہ کانوں کو تحفظ اور مغوی مزدوروں کی بازیابی تک مکمل طور پر بند رہیگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کانکنی اور کوئلے کی لوڈنگ بدستور جاری رہیگی۔جبکہ مزدور بھی بدستور کانکنی جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں