کوئٹہ کی ہاﺅسنگ اسکیموں کے 13 سو سے زائد الاٹیز کا قبضہ نہ ملنے کیخلاف احتجاج

کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ میں آشیانہ ٹاﺅن نواکلی اور فیصل ٹاﺅن نواکلی میں 13 سو سے زائد پلاٹوں کی ادائیگی قسط وار بینکوں کے ذریعے کرچکے ہیں لیکن ہمیں قبضہ نہیں دیا جارہا تاکہ ہم اپنا گھر تعمیر کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار کوئٹہ پریس کلب کے سامنے متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فیصل ٹاﺅن اور آشیانہ ٹاﺅن نواکلی کے مالکان کے خلاف نعرے درج تھے مظاہرین میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ہم 1300سے زائد متاثرین ہیں جنہوں نے ماہانہ اقساط جمع کیے تھے لیکن اس کے باوجود ہمیں قبضہ نہیں دیا جارہا، ہم وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزرا سے اپیل کرتے ہیں کہ آشیانہ ٹاﺅن اور فیصل ٹاﺅن مالکان سے ہمیں قبضہ دلائے، ہم نے تمام اقساط جمع کرائی ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں قبضہ نہیں دیا جارہا، ہم نے اپنے پیٹ کاٹ کر اقساط جمع کی ہیں جب تمام اقساط جمع کرائیں توقبضہ دینے کے بجائے حیلے بہانوں سے ہمارے ساتھ فراڈ کررہے ہیں، حکومت بلوچستان آشیانہ ٹاﺅن اور فیصل ٹاﺅن نواکلی کے مالکان کو مجبور کریں کہ وہ ہمیں ہمارے پلاٹوں کے قبضہ دیں تاکہ ہم اس پر اپنے مکان تعمیر کرسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں