ایران میں کشیدہ صورتحال کے باعث مزید 51پاکستانی طلبہ گوادر کے راستے واپس پہنچ گئے
گوادر (یو این اے) ایران میں کشیدگی، مزید 51پاکستانی طلبہ گوادر کے راستے وطن واپس پہنچ گئے ایران کی موجودہ صورتحال کے باعث وہاں پھنسے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ تازہ ترین مرحلے میں زنجان میڈیکل یونیورسٹی اور المصطفی یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے 51 طلبہ و طالبات 250 بارڈر کے راستے گوادر پہنچ گئے۔ انتظامیہ کے مطابق وطن واپس پہنچنے والوں میں 27 طلبہ اور 24 طالبات شامل ہیں۔ ڈی ایس پی گوادر کی نگرانی میں ان طلبہ کو بارڈر سے گوادر شہر منتقل کیا گیا جہاں ایف آئی اے نے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی۔ ایس ایس پی گوادر کے مطابق اس آپریشن میں تہران میں قائم پاکستانی سفارت خانے اور حکومت بلوچستان کے درمیان کوآرڈینیشن کے ذریعے طلبہ کی منتقلی عمل میں لائی گئی۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اب تک مجموعی طور پر 281 طلبہ (131 طلبہ اور 150 طالبات) اس راستے سے واپس آ چکے ہیں۔ تاہم زنجان یونیورسٹی میں اب بھی 40 کے قریب پاکستانی طلبہ موجود ہیں جن میں اکثریت طالبات کی ہے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے واپس آنے والے طلبہ کے لیے عارضی رہائش اور خوراک کا بندوبست کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر سے قیام گاہوں تک سیکیورٹی کا ایک مربوط پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی بحفاظت ان کی منزلِ مقصود تک روانگی کو یقینی بنایا جا سکے۔


