بی ایریازکو اے ایریازمیں تبدیلی پر اطمینان، صوبے میں اینٹی سمگلنگ اور نارکوٹکس آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی، ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس
کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان کی مشترکہ زیر صدارت ریاستی دفاعی کانفرنس (ہارڈننگ آف دی اسٹیٹ کانفرنس) کا 21 واں اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس گزشتہ ڈیڑھ سال سے باقاعدگی سے ہو رہی ہے جو صوبے میں امن و استحکام کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ہر 21 دن بعد ہونے والے اس اجلاس کا بنیادی مقصد پچھلی کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی پیشرفت کو یقینی بنانا ہے اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں اور محکموں کے علاوہ سیکورٹی فورسز (پاکستان آرمی، فرنٹیئر کور، پاکستان کوسٹ گارڈ) کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں اینٹی سمگلنگ اور اینٹی نارکوٹکس آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی اور ان مضر سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے پر زور دیا گیا شرکاءنے "بی ایریاز ٹو اے ایریاز کنورڑن”کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبے کے تمام ڈویژنز میں اس حکمت عملی کی مو¿ثریت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ ترقیاتی فوائد ہر علاقے تک پہنچ سکیں اور امن و خوشحالی کی فضا کو مستحکم کیا جا سکے اجلاس میں صوبے میں مجموعی سلامتی کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت اور عوام کی فلاح و بہبود کے امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان کے درخشندہ مستقبل کیلئے اب ایسی ہی موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہوا جائے گا۔


