پاکستان میں تیل کمپنیوں نے پمپس کو فراہمی محدود کردی، ممکنہ طور پر تیل کی قلت کا خدشہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک) ایران اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث پاکستان میں تیل کمپنیوں نے پیٹرول پمپس کو تیل کی فراہمی محدود کرنا شروع کر دی ہے، جس کے باعث ممکنہ قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر صورتحال کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ تیل کمپنیاں سپلائی کے آرڈر منسوخ کر رہی ہیں اور اپنی طرف سے تیل کی فراہمی کا کوٹہ مقرر کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا ہونے کا خطرہ ہے، اس لیے حکومت فوری مداخلت کرے اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر گیارہ سینٹ یا تقریباً 1.4 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 82 ڈالر 53 سینٹ فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 79 سینٹ اضافے کے ساتھ 75 ڈالر 37 سینٹ فی بیرل ہو گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی پیداوار اور برآمدات متاثر ہو رہی ہیں، جس سے قیمتوں پر دباﺅ بڑھ رہا ہے۔


