کوئٹہ میں افغان مہاجرین کے نام پر تاجروں کے خلاف مبینہ پولیس کارروائیاں تشویشناک ہیں، چیمبر آف کامرس

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی، سینئر نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر عہدیداروں نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں افغان مہاجرین کے نا م پر تاجروں کے خلاف مبینہ پولیس کارروائیوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے افغان مہاجرین کے نام پر شناختی کارڈز اور دیگر قانونی دستاویزات رکھنے والے تاجروں کی پکڑ دھکڑ اور انہیں بلاجواز ہراساں کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بزنس کمیونٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دی جائے گی۔رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ محض زبان یا لباس کی بنیاد پر کسی کو گرفتار کرنا ناقابل قبول اور قانون کی روح کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ افراد اور تاجر برادری مسلسل چیمبر سے رابطہ کر رہی ہے اور اس معاملے میں کردار ادا کرنے کی درخواست کر رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان پاکستانی شہریت رکھنے والے افراد، خصوصا کاروباری طبقے، کو بے جا تنگ کرنے اور انہیں تھانوں میں منتقل کرنے کے معاملے پر خاموش نہیں رہے گا۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کر کے تحفظات سے آگاہ کیا جائے گا۔چیمبر عہدیداروں نے میر سرفراز بگٹی اور آئی جی پولیس بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور پاکستانی شہریوں بالخصوص بزنس کمیونٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے واضح احکامات جاری کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں