ایران میں جاری امریکی اور اسرائیلی حملے، مزید 395 پاکستانی طلبہ و طالبات تفتان پہنچ گئے
نوکنڈی (نامہ نگار) ایران میں جاری امریکہ۔اسرائیل کشیدگی کے باعث پاکستانی طلبہ و طالبات کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق آج مزید 395 طلبہ و طالبات تفتان امیگریشن گیٹ کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے تفصیلات کے مطابق ایران کی مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر مرحلہ وار اور باحفاظت وطن منتقل کیا جا رہا ہے۔ تفتان بارڈر پر مقامی انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کی محفوظ آمد کو یقینی بنایا جا سکے۔اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم شاہوانی کے مطابق ایران سے آنے والے طلبہ کو مکمل فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ تمام طلبہ کو پاکستان ہاوس منتقل کیا گیا ہے جہاں انہیں مفت رہائش، معیاری کھانا اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ طلبہ کو روزانہ کی بنیاد پر سیکیورٹی اسکواڈ کے ہمراہ باحفاظت کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ بعض طلبہ کو پہلے ہی بحفاظت کوئٹہ پہنچایا جا چکا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ایران سے طلبہ کی واپسی کا سلسلہ صورتحال معمول پر آنے تک جاری رہے گا۔


