تفتان بارڈر پر جعلی پاسپورٹ کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے والا شخص، کوئٹہ میں انسانی اسمگلر گرفتار، ایف آئی اے
کوئٹہ، تفتان (این این آئی)تفتان بارڈر پر ایف آئی اے نے جعلی پاسپورٹ پر پاکستان میں داخل ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق جمعہ کو تفتان بارڈر پر ایک شخص محمدرضا نے جعلی پاسپورٹ کے ذریعے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ ایف آئی اے نے پاسپورٹ جعلی ہونے پرملزم محمد رضا کو گرفتار کرلیا گرفتار ملزم کواینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان منتقل کردیا گیا جہاں اس سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران انسانی سمگلر کو گرفتارکرلیا۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق جمعہ کوکوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پرایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم رضا عرف چاچا موسیف کو گرفتار کرلیا ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے موبائل فون سے بین الاقوامی نیٹ ورک سے شواہد برآمد کرلئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم ایف آئی اے کوپہلے سے درج ایف آئی آر میں مطلوب تھا جس سے تفتیش شروع کردی گئی جبکہ ملزم کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔


