بختیار آباد میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، نوکنڈی میں ٹریفک حادثے میں ڈرائیور چل بسا

بختیار آباد، نوکنڈی (نامہ نگاران) بختیارآباد کے نزدیک مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او محمد آصف خجک، ایس ایچ او پولیس ریاض الٰہی ڈومکی، اے ایس آئی عامر رند موقع پر پہنچے۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اللّٰہ ڈنہ ولد غلام فرید کے نام سے ہوئی، جو فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہونے کے باعث اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ذرائع کے مطابق قتل کی وجوہات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ٹیچنگ اسپتال سبی منتقل کر دیا گیا۔ مزید کارروائی بختیارآباد پولیس کر رہی ہے۔ ایک اور واقعے میں نوکنڈی کے قریب تراسی لانڈھی کے مقام پر نیشنل ہائی وے پر سڑک پر پڑے بجریکے ڈھیر سے ٹکرانے کے باعث ٹرالر گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مقامی افراد کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث سڑک پر ملبے کے ڈھیر حادثات کا باعث بن رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں پر غیر قانونی طور پر مواد رکھنے والے ٹھیکیداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں