چاغی، مائننگ سائٹ پر 22 اپریل کو ہونے والے حملے کے بعد اغوا کیے گئے ترک شہری کو بازیاب کرالیا

کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان کے ضلع چاغی میں مائننگ سائٹ پر 22اپریل کو ہونے والے حملے کے بعد اغوا کیے گئے ترک شہری صالح گلجمال کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مغوی کو اغوا کاروں نے مستونگ کے علاقے میں چھوڑ دیا، جہاں سے حکام نے انہیں تحویل میں لے کر کوئٹہ منتقل کردیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ترک شہری کو بحفاظت ترکیہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ صالح گل جمال مائننگ سائٹ پر ڈرل آپریٹر کے طور پر کام کر رہے تھے، جنہیں حملے کے دوران اغوا کیا گیا تھا۔22 اپریل کو چاغی کی ایک مائننگ سائٹ پر حملے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں ایک ترک شہری بھی شامل تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا تھا۔حکام کے مطابق واقعے سے متعلق تحقیقات تاحال جاری ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں