بلوچستان کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جاری اسکیمات کے جو فنڈز رکھے ہیں وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں، جے یو آئی

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے امیر وسینیٹر مولانا عبدالواسع ، سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماءاسلا م نے ہمیشہ ہر طبقہ کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے صوبائی حکومت صوبے میں جاری آن گوئنگ اسکیمات کے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے جمعیت علماءاسلام آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام لانگو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وفد میں جنرل سیکرٹری ملک مجیب مہترزئی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی ،سینئر نائب صدر حاجی ابراہیم اچکزئی ، جنرل سیکرٹری قلعہ سیف اللہ محمد اسحاق کاکڑ اوردیگر شامل ہے ۔ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام لانگو،جنرل سیکرٹری مجیب مہترزئی نے جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ کو ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا اورانہیں بلوچستان موجودہ صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال2026-27ءکے بجٹ میں آن گوئنگ اسکیمات کے جو فنڈز رکھے ہیں وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں جس کی وجہ سے آن گوئنگ اسکیمات کی بروقت تکمیل ممکن نہیں ہے جس سے ٹھیکیدار برداری کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ جس طر ح حکومت نے بیکٹر میں اسکیمات کیلئے 100فیصد فنڈز مختص کئے ہیں اسی طرح تمام ڈسٹرکٹ میں جاری اسکیمات کیلئے بھی 100فیصد فنڈز مختص کئے جائیں تاکہ جاری اسکیمات کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔ جمعیت علماءاسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ صوبے میں جاری اسکیمات کے لئے مطلوب فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ جاری اسکیمات کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اورانہیں ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتی ہے اس سلسلے میں جمعیت سینٹ،قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں بھی آواز بلند کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں