تھانہ کوٹڑہ پر مسلح حملہ ناکام بنا دیا گیا ، خالی ریسٹ ہائوس دھماکے سے تباہ،جھل مگسی پولیس
جھل مگسی(مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس ذرائع کے مطابق گنداواہ سرکل کے علاقے کوٹڑہ میں پولیس تھانے پر مسلح افراد کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، جبکہ پسپائی کے دوران حملہ آوروں نے ایک خالی ریسٹ ہائوس کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنا کر نقصان پہنچایا۔ آج صبح تقریباً 9:45 بجے مسلح افراد 8 سے زائد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر جدید و خودکار ہتھیاروں سمیت تھانہ کوٹڑہ پر حملہ آور ہوئے۔فائرنگ کے فوری بعد جھل مگسی پولیس، اے ٹی ایف اور ایف سی 151 ونگ نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حملہ آور پسپائی اختیار کرکے تھانے کے عقبی جانب فرار ہوگئے۔ فرار ہوتے ہوئے مسلح افراد نے ایک خالی ریسٹ ہاو¿س کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا، جس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا۔ مذکورہ ریسٹ ہاو¿س تقریباً آٹھ ماہ قبل ایف سی 151 ونگ کے اہلکاروں کی رہائش کے لیے استعمال ہوتا رہا تھا، تاہم اس وقت خالی تھا۔واقعے کے بعد ضلع پولیس، اے ٹی ایف اور ایف سی 151 ونگ کی جانب سے علاقے میں سرچ اور اسکیننگ آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر موجود مزید مسلح گروہوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ واقعے کی مزید تفصیلات اور ریسٹ ہاو¿س کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


