زبیر احمد ابابکی ایک باوقار، مخلص، بااخلاق اور اصول پسند صحافی تھے، کبیرمحمد شہی کا اہلِ خانہ سے تعزیت

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے سینئر صحافی مرحوم زبیر احمد ابابکی کی رہائش گاہ پر جا کر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرحوم زبیر احمد ابابکی ڈیڑھ سال تک برین ٹیومر جیسے موذی مرض کے خلاف انتہائی حوصلے اور بہادری کے ساتھ برسرِ پیکار رہے۔ اس دوران ان کی صحت کے حوالے سے میرا مسلسل رابطہ رہا اور میں ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو بھی تھا، تاہم ان کا انتقال میرے لیے انتہائی افسوسناک خبر ہے۔میر کبیر احمد محمد شہی نے کہا کہ زبیر احمد ابابکی ایک باوقار، مخلص، بااخلاق اور اصول پسند صحافی تھے، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت داری اور ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا۔ ان کا انتقال نہ صرف صحافتی برادری بلکہ بلوچستان کے لیے بھی ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے مرحوم کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کی دعا کی، جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی انہیں یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں