خضدار، گونی گریشہ میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے بڑھتے ہوئے کیسز، شہریوں کا فوری توجہ کا مطالبہ
خضدار (ویب ڈیسک) ضلع خضدار کے علاقے گونی گریشہ میں گزشتہ 4 سے 5 برسوں کے دوران مقامی افراد کے مطابق ہیپاٹائٹس بی اور سی کے باعث متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی مرکزِ صحت گونی گریشہ میں لیبارٹری کی سہولت موجود نہ ہونے کی وجہ سے بیماری کی بروقت تشخیص نہیں ہو پاتی، جس کے نتیجے میں مریض اکثر تاخیر سے تشخیص ہوتے ہیں اور بعض کیسز میں مرض جگر کی شدید خرابی یا کینسر تک پہنچ جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت بلوچستان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار اور ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر خضدار اس معاملے کا فوری نوٹس لیں، علاقے میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کی اسکریننگ، تشخیصی لیبارٹری، علاج، ویکسینیشن اور آگاہی مہم کا آغاز کریں، تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جاسکے۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکام اس مسئلے کی باقاعدہ تحقیقات کریں اور علاقے میں صحت کی بنیادی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے فوری عملی اقدامات کریں۔


