آواران کے تحصیل جھاو میں زیرِ تعمیر سڑک مبینہ نااہلی کی بھینٹ چڑھ گئی، افتتاح سے قبل ہی تباہی کا منظر
آواران ( عبدالوحید )رپورٹ کے مطابق جھاو¿موسل پیر تا صالح بزنجو گوٹھ زیرِ تعمیر سڑک انتظامی عدم توجہی اور ٹھیکیدار کی غفلت کے باعث گزشتہ تین سال سے شدید تعطل کا شکار ہے۔ اہم عوامی منصوبے میں غیر معمولی تاخیر اور انتہائی ناقص کام نے سڑک کو مکمل ہونے سے پہلے ہی زبوں حالی کا شکار کر دیا ہے، جس کے باعث یہ زیرِ تعمیر سڑک بننے سے پہلے ہی صدیوں پرانی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آنے لگی ہے۔ سڑک کے اطراف شولڈر (کناروں) کی بھرائی کے لیے طے شدہ فنی معیار کے بجائے قریب کے کھیتوں سے مٹی اٹھا کر ڈالا گیا ہے، جس سے سڑک کا معیار شدید داغدار اور پائیداری ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ سڑک کا جو حصہ اب تک تیار کیا گیا ہے، وہ ناقص مٹیریل کے باعث بچھاتے ہی اکھڑنا شروع ہو چکا ہے اور جگہ جگہ دراڑیں پڑنے سے تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ گزشتہ تین سال سے جاری التوا کے باعث مسافروں، مریضوں اور گاڑی مالکان کو شدید اذیت اور حادثات کے خطرات کا سامنا ہےعلاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام اور متعلقہ محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) سے مطالبہ کیا ہے کہ موسل پیر تا صالح بزنجو گوٹھ روڈ پر کھیتوں کی مٹی کے استعمال اور جاری ناقص کام کا فوری نوٹس لیا جائے، اور سڑک کو مقررہ فنی معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کر کے عوام کی اذیت کا خاتمہ کیا جائے۔


