جاموٹ قبائل کے درمیان جاری خونی تکرار کے خاتمے کیلئے اہم تاریخی فیصلہ

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ابڑو جاموٹ اور بھٹی جاموٹ قبائل کے درمیان گزشتہ تین سال سے جاری خونی تکرار کے خاتمے کے لیے ایک اہم اور تاریخی قبائلی فیصلہ کیا گیا۔جاموٹ یوتھ بلوچستان کی امن کمیٹی و قبائلی امور کے رہنما، سابق ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان اور معروف سماجی و قبائلی شخصیت ڈاکٹر سلیم اختر ابڑو جاموٹ، دیدار علی بھٹو جاموٹ اور سید اسداللہ شاہ کی مخلصانہ کوششوں اور کاوشوں سے دونوں فریقین کے درمیان جاری دیرینہ تنازعے کو خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔مشیرانِ جرگہ کی مشاورت، بزرگوں کی رہنمائی اور دونوں فریقین کے باہمی اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا اور تین سال سے جاری خونی تکرار کا خاتمہ کرتے ہوئے ابڑو جاموٹ اور بھٹی جاموٹ قبائل کو شیر و شکر کر دیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر سلیم اختر ابڑو جاموٹ کی امن کے لیے مسلسل خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ وہ نہ صرف اپنے وسیع انتظامی اور طبی تجربے کی وجہ سے ایک معتبر شخصیت ہیں بلکہ قبائلی تنازعات کے خاتمے، مفاہمت، صلح اور معاشرتی امن کے لیے بھی عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ جاموٹ یوتھ بلوچستان کی امن کمیٹی و قبائلی امور کے پلیٹ فارم سے ان کی کاوشیں اس بات کا عملی ثبوت ہیں کہ قبائلی روایات کو مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے خونریزی کے بجائے صلح اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔تین سالہ دشمنی کا خاتمہ اور دو جاموٹ قبائل کا شیر و شکر ہونا ایک خوش آئند قدم ہے۔ ایسی صلح صرف دو خاندانوں کو نہیں بلکہ پورے معاشرے کو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔شاہ عبداللطیف بھٹائی کی دھرتی سندھ ہمیشہ محبت، امن، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام دیتی رہی ہے۔ آج ابڑو جاموٹ اور بھٹی جاموٹ قبائل کے درمیان ہونے والی یہ صلح بھی اسی عظیم روایت کی خوبصورت مثال ہے۔جاموٹ یوتھ بلوچستان امن، قبائلی ہم آہنگی، مفاہمت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی مثبت کوششیں جاری رکھے گی۔اللہ تعالیٰ دونوں قبائل کے درمیان یہ صلح ہمیشہ قائم رکھے، دلوں میں محبت پیدا فرمائے اور آئندہ نسلوں کو امن اور بھائی چارے کے ماحول میں زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے