شہید نواب نوروز خان زہری کے گھر پر حملہ بلوچ روایات اور قومی اقدار پر حملہ ہے، نواب ثناءاللہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنائ اللہ خان زہری نے ضلع جھل مگسی کے علاقے کوناڑو میں دہشت گردوں کی جانب سے شہید نواب نوروز خان زہری کی رہائش گاہ پر حملے، خواتین اور بچوں کو یرغمال بنانے اور لوٹ مار کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید نواب نوروز خان زہری جیسے نامور اور بلوچستان کے لیے قربانیاں دینے والے شخص کے گھر کو بھی نہیں بخشا گیا۔ انھوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ یہ کون سی اور کیسی تحریک ہے جو قومی احترام کی حامل شخصیات اور ان کے خاندانوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے؟ نواب ثنائ اللہ خان زہری نے کہا کہ شہید نواب نوروز خان زہری صرف میرے نانا نہیں تھے بلکہ پورے بلوچستان میں انہیں عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ شہید نواب نوروز خان زہری نے اپنا گھر، قبیلہ اور زندگی بلوچ قوم کے لیے وقف کی، حتیٰ کہ ان کے خاندان نے بھی قومی جدوجہد میں قربانیاں دینے سے دریغ نہیں کیا۔ اس کے باوجود ان کی رہائش گاہ پر حملہ کرکے بلوچ روایات اور قومی اقدار کو پامال کیا گیا اس واقعے سے پوری بلوچ قوم کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ حملہ آوروں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کس مقصد کے تحت ایسے گھروں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو پورے بلوچستان کے لیے قابل احترام ہیں سابق وزیراعلی نواب ثنائ اللہ زہری نے کہا کہ تحریک چلانے والے اور ایسی پالیسیاں بنانے والے عناصر کو اپنے طرز عمل پر غور کرنا چاہیے کہ ان کے نام پر باعزت اور باوقار خاندانوں کے گھروں پر حملے کیے جارہے ہیں خواتین اور بچوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے لوٹ مار کی جارہی ہے۔ ایسے اقدامات کسی بھی قومی تحریک یا جدوجہد کے دعووں سے مطابقت نہیں رکھتے بلکہ ان سے تحریک کے بجائے چوری اور لوٹ مار کا تاثر پیدا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ شہید نواب نوروز خان زہری نے بلوچستان کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور ان کے خاندان نے بھی ہر مشکل وقت میں قربانیوں سے دریغ نہیں کیا۔ ایسے خاندان کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے مسائل حل ہونے کے بجائے بلوچ قوم میں مزید نفرتیں اور دوریاں جنم لیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے