وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کوٹہ پر پشتون اضلاع کومکمل نظراندازناانصافی ،پشتون نوجوانوں کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے ، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (آئی این پی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں وفاقی حکومت اور اس کے ماتحت اداروں کی جانب سے بلوچستان کے پشتون اضلاع کو وفاقی ملازمتوں کے کوٹے، بھرتیوں، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال اور انٹرویوز کے عمل میں نظرانداز کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف صوبے کے پشتون نوجوانوں کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے بلکہ وفاقی ملازمتوں میں مساوی مواقع، شفافیت اور علاقائی توازن کے اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں کیسکو، پاکستان ریلوے، پاکستان ٹیلی ویژن (PTV) سمیت مختلف وفاقی محکموں ،اداروں کی جانب سے ہزاروں آسامیوں کے اشتہارات جاری کیے گئے۔ ان اشتہارات کی تشہیر پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، لیکن افسوس ناک امر یہ ہے کہ بلوچستان کے پشتون اضلاع سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ، قابل، باصلاحیت اور بے روزگار نوجوانوں کو عملی طور پر ان مواقع سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ کہیں ان کے کاغذاتِ نامزدگی کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور کہیں انہیں انٹرویو کے عمل سے باہر رکھا جا رہا ہے۔مزید افسوس ناک صورتحال یہ ہے کہ بلوچستان کے بعض اضلاع کے امیدواروں کے انٹرویوز بھی گوادر اور دیگر دور دراز شہروں میں رکھے جا رہے ہیں، جو محدود وسائل رکھنے والے بے روزگار نوجوانوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہیں۔بھرتیاں بلوچستان کے کوٹے پر ہونی ہیں تو انٹرویوز اور دیگر مراحل کے لیے مخصوص اضلاع کی بجائے تمام اضلاع میں یکساں اور قابلِ رسائی سہولیات کیوں فراہم نہیں کی جاتیں؟ وفاقی کوٹے کے تحت بلوچستان کے تمام اضلاع کو یکساں نمائندگی اور مواقع ملنے چاہئیں۔ بھرتیوں کا عمل شفاف، غیر جانب دار اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے، نہ کہ چند مخصوص اضلاع تک محدود ہو۔ کسی بھی ضلع، قوم یا علاقے کو اس کے جائز حق سے محروم کرنا قومی یکجہتی، وفاقی ہم آہنگی اور مساوی شہریت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ماضی میں بھی جعلی ڈومیسائل کی بنیادپر صوبے سے باہر کے لوگوں کو ہزاروں کی تعداد میں بھرتی کرکے پشتون بلوچ نوجوانوںاور صوبے کے عوام کا حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیاہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں بدترین بدامنی ، مہنگائی ،سخت ترین بیروزگاری سے پشتون اضلاع میں پہلے ہی تجارت، کاروبار، صنعت اور روزگار کے ذرائع محدود سے محدود تر ہوچکے ہیں۔ ایسے حالات میں وفاقی ملازمتوں کے دروازے بھی پشتون نوجوانوں پر بند کرنا ان کے مستقبل سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان پہلے ہی بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہیں مسلسل نظرانداز کرنا مایوسی، احساسِ محرومی اور معاشرتی بے چینی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔اس تمام صورتحال میں وفاق اور صوبے میں موجود پشتون حلقوں سے مسلط نمائندوں، سیاسی قیادت اور متعلقہ حکومتی ذمہ داران کی خاموشی بھی انتہائی قابلِ افسوس ہے۔ اگر مسلط نمائندے اپنے نوجوانوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز نہیں اٹھا سکتے تو انہیں اپنی سیاسی اور اخلاقی ذمہ داریوں کا جواب دینا ہوگا۔ عوام کو بھی ایسے نمائندوں سے اس ناانصافی پر جواب طلب کرنا چاہیے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت، اسٹیبلشمنٹ کے ماتحت متعلقہ انتظامی اداروں اور تمام وفاقی محکموں کے اعلیٰ حکام پشتون نوجوانوں ، بیروزگاروں کی حق تلفی کا نوٹس لیتے ہوئے تمام پشتون اضلاع کو وفاقی ملازمتوں کے کوٹے اور بھرتیوں کے عمل میں ان کے جائز حصے کے مطابق شامل کرے اور کیسکو، ریلوے، پی ٹی وی اور دیگر وفاقی محکموں میں جاری بھرتیوں کی مکمل تفصیلات، ضلعی کوٹے اور امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ ، پشتون اضلاع کے امیدواروں کی کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال یا انٹرویوز سے محروم رکھے گئے نوجوانوں کو انٹرویو میں شامل کرنے ، انٹرویوز کے مراکز کوئٹہ اور دیگر آسان اور قابلِ رسائی مقامات پر قائم کرنے ، منصفانہ نمائندگی اور میرٹ کی بنیاد پر شفاف بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتون نوجوانوں کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی اور وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنے کی پالیسی کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔پارٹی وفاقی حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ پشتون نوجوانوں کو ان کے جائز آئینی اور قانونی حقوق سے محروم رکھنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔ بلوچستان کے تمام پشتون اضلاع کو وفاقی ملازمتوں میں ان کا جائز حصہ دیا جائے، بصورت دیگر اس ناانصافی کے خلاف سیاسی، جمہوری اور آئینی دائرے میں بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے