بی ایم سی، سول ہسپتال کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز مکمل طور پر بحال
کوئٹہ (این این آئی ) پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کوئٹہ کی جانب سے گزشتہ روز عوامی مفاد اور ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی کے پیش نظر او پی ڈی سروسز کی معطلی مو¿خر (Postpone) کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس اعلان کے بعد بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال، سول ہسپتال کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈی سروسز مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں اور ڈاکٹرز معمول کے مطابق مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔تاہم آج انتہائی افسوسناک صورتحال اس وقت سامنے آئی جب او پی ڈیز کی بحالی کے باوجود بولان میڈیکل کمپلیکس کے ڈی ایم ایس اور سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس کی جانب سے او پی ڈیز بند کرانے اور بعض مقامات پر تالے لگوانے کی کوشش کی گئی۔ یہ عمل نہ صرف مریضوں کے مفاد کے خلاف ہے بلکہ حکومت کے فیصلوں اور عوامی اعتماد کو بھی نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر صحت بلوچستان اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار انتظامی افسران کے اقدامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور یہ معلوم کیا جائے کہ او پی ڈیز بحال ہونے کے باوجود انہیں بند کرانے کی کوشش کیوں کی گئی اور اس کے پس پردہ مقاصد کیا تھے۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ اپنے تمام ڈاکٹرز اور ممبران سے اپیل کرتی ہے کہ وہ معمول کے مطابق او پی ڈی سروسز جاری رکھیں اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔


