مجھے سکھاتے ہو شہید کا مقام کیا ہے، کتنے شہید ہوئے اور کتنوں کی لاشیں وصول کیں؟ سب کو پتا ہے، اب جلسے ہی جلسے ہوں گے، پنجاب بھر میں جلسے ہوں گے، وکلاء کنونشن میں مولانا فضل الرحمن کا اعلان

اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمعیت لائر فورم کے زیر اہتمام وکلاءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے ساتھ وفاداری کا حلف اٹھایا ہے۔ کبھی نہیں چاہا ہے کہ کوئی بات کریں اور وہ آئین وقانون سے تجاوز ہو۔ ہم آئین اور قانون کے اندر اپنے نظریے کے پرچار کا حق رکھتے ہیں۔ جو میں نے کہنا تھا میں سمجھ رہا تھا کہ کچھ کہوں گا اور آپ کی تائید حاصل کرونگا۔ ہم اس ملک میں فعال سیاست کررہے ہیں۔ ہم نے انتہاءپسندی کی سیاست نہیں کی۔ اگر حق خود ارادی مانگا ہے تو عوام کی تائید کے ساتھ۔ آج سیاست پارلیمنٹ اور آئین کو یرغمال بنا دیا گیا ہے۔ ان حکمرانوں نے اپنے رویوں اور خوشامد کے ساتھ عوام ،پارلیمنٹ، آئین کو کمزور کیا اور اسٹیبلشمنٹ کو مضبوط کیا۔ اپنے حق کا مطالبہ خوشامد نہیں ہے۔ ہم نے طویل جدوجہد کی ہے۔ دہشت گردی امریکا کی خوا ہش ہے اور ہمارے حکمران اس خواہش کو پورا کرتے ہیں۔ ان دہشتگردوں کو حوصلہ آپ کی صفوں سے ملا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مجھے سکھاتے ہو شہید کا مقام کیا ہے۔ میں شہید کے مقام کو جانتا ہوں۔ میں تمہیں جانتا ہوں کہ تمہاری نظر میں شہید کی کیا قدر ومنزلت ہے۔ کیا کبھی بتایا قوم کو کہ کارگل میں کتنے شہید ہوئے اور کتنوں کی لاشیں وصول کیں؟ تم اپنے شہداءکے جنازے وصول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ کرنل شیر خان کی لاش انڈیا کے اصرار پر وصول کی۔ مولانا فضل الرحمن نے اعلان کیا کہ اب جلسے ہی جلسے ہوں گے، پنجاب بھر میں جلسے ہوں گے 15 اکتوبر کو ملتان میں مفتی محمود کانفرنس ہوگی۔ اگست میں چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشز ہونگے جس میں وکلاءبھی شریک ہونگے۔ نومبر میں بھی پنجاب میں جلسے، ستمبر میں بھی ہم پنجاب میں جلسے کرینگے۔ اب پنجاب میں جلسے ہی جلسے ہونگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں