حکومت شہداءزیارت کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے، معاہدے میں طے نکات پر فوری عملدرآمد شروع کردیا گیا، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے مابین کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا ہے جبکہ حکومت بلوچستان نے شہداءکی میتوں کو آبائی علاقے زیارت منتقل کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ہدایت پر شہداءکی میتوں کی باعزت منتقلی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور دھرنا کمیٹی کے مابین مذاکرات خوشگوار ماحول میں کامیاب ہوئے، جس کے نتیجے میں تمام معاملات کو باہمی اتفاق رائے سے حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے معاہدے میں طے پانے والے نکات پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا ہے معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداءکی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں، حکومت بلوچستان ان کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کے مسائل کے حل، عزت و احترام اور فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔


