جب تک وزیر آ بپاشی سے ہماری جان نہیں چھڑائی جاتی، ہم ذلیل رہیں گے، مجید بادینی

بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر و صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کے ترجمان نے رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید بادینی کے بیان کومضحکہ خیز اور بے بنیاد قرار دے دیاجس میں انہوں نے کہا تھا جب تک وزیر آ بپاشی صادق عمرانی سے ہماری جان نہیں چھڑائی جاتی، ہم اسی طرح ذلیل رہیں گےترجمان صاد ق عمرانینے کہا کہ موصوف ایم پی اے کو چاہیے کہ عوام کو حقائق سے آگاہ کریں اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم آئینی اور انتظامی طور پر محکمہ ایریگیشن کی ذمہ داری ہے اور محکمہ کے افسران بالا اور دیگر اہلکار صوبائی وزیر کی سرپرستی میں محکمے کی کارکردگی کو زیادہ بہتر بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی پر براہِ راست الزام عائد کرنا نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف بھی ہے۔ ترجمان کے مطابق جعفرآباد کے عوام نے عبدالمجید بادینی کو اسمبلی میں اپنی آواز بلند کرنے، قانون سازی کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے منتخب کیا تھا، نہ کہ سڑکوں پر بیٹھ کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنے کے لیے۔ لہذا اگر وہ واقعی عوام کے مفاد میں سنجیدہ ہیں تو انہیں صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بلوچستان کے پانی کے حق کے لیے موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پانی کی موجودہ قلت کا بنیادی سبب دریائے سندھ میں پانی کی کمی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے میر محمد صادق عمرانی نے سیکرٹری ارسا سے رابطہ بھی کیا جس کے بعد انہوں نے حکومت سندھ کو ایک خط کے ذریعے کہا کہ وہ بلوچستان کے حصے کا پانی فراہم کرنے کیلئے فروری اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سے بات کی ہے اور حوصلے سے وزرائ آبپاشی سندھ و بلوچستان متعلقہ حکام کے ساتھ بیٹھ کر اس اہم مسئلے کا حل نکالیں گے، تاکہ بلوچستان کو اس کے آئینی حق کے مطابق مکمل پانی مل سکے۔ موصوف ایم پی اے کا ایسے وقت میں حکومت کا ساتھ دینے کے بجائے اپنے ہی حلقے میں دھرنا دینا اور عوام کے جذبات کو بھڑکانا کسی بھی ذمہ دار سیاسی نمائندے کا طرزِ عمل نہیں ہونا چاہیے۔صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔ نہری نظام کی بہتری، پانی کی فراہمی اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ جعفرآباد سمیت پورا نصیرآباد ڈویڑن سرسبز و شاداب ہو اور ہر ٹیل تک پانی پہنچے۔ یہی مثبت سوچ ایک ذمہ دار عوامی نمائندے کی پہچان ہے۔ ان شائ اللہ، حکومت کی مسلسل محنت اور میر محمد صادق عمرانی کی قیادت میں بلوچستان کے کسانوں کے حقوق کا ہر سطح پر دفاع جاری رہے گا، اور پورے ڈویڑن کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں