دکی میں موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوجوان جاں بحق، لواحقین کا لاش کے ہمراہ احتجاج

کوئٹہ (ویب ڈیسک) دکی میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات میں زخمی نوجوان جاں بحق۔ دکی کے علاقے سلیزئی کراس میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران مسلح ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے محمد طارق ولد عبدالقیوم (قوم محمد حسنی) زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ محمد طارق کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے لورالائی منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ واردات کے دوران ملزمان محمد طارق کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں بابِ دکی کے مقام پر جاں بحق نوجوان کی لاش رکھ کر احتجاج۔ دکی میں موٹر سائیکل چھیننے کی واردات کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے محمد طارق ولد عبدالقیوم کی لاش بابِ دکی کے مقام پر رکھ کر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور شہریوں نے احتجاج شروع کردیا۔ مظاہرین نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری، انصاف کی فراہمی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے باعث بابِ دکی کے مقام پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر رہی۔ موقع پر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پہنچ گئے اور مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں