کوئٹہ میں واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی تردید، سرکاری نرخوں پر پانی کی فراہمی جاری رکھنے کا اعلان
کوئٹہ ( آئی این پی ) واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کوئٹہ کے صدر حاجی نور محمد وردگ نے کہا ہے کہ شہر میں واٹر ٹینکرز کی کوئی ہڑتال نہیں، بعض عناصر اپنے مفادات کے حصول کے لیے غلط تاثر پھیلا رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق شہریوں کو پانی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے نرخوں میں اضافے سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات حقائق کے منافی ہیں، جبکہ تمام واٹر ٹینکرز مقررہ سرکاری نرخوں کے مطابق خدمات انجام دے رہے ہیں۔ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی دستیاب ہے، اور واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن گزشتہ تقریبا دو سال سے اسی ریٹ لسٹ کے مطابق پانی کی فراہمی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ٹینکر مالک یا ڈرائیور سرکاری نرخوں سے زائد رقم وصول کرتا ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ نرخوں کے مطابق ادائیگی کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ انتظامیہ کو فوری طور پر آگاہ کریں۔دریں اثنا واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خصوصا کم عمر یا غیر مجاز افراد کی جانب سے ٹریکٹر اور دیگر گاڑیاں چلانا خطرناک عمل ہے۔ ایسے افراد کے خلاف صرف جرمانہ کافی نہیں بلکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہیے تاکہ مستقبل میں شہریوں کی جان و مال کو خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔


