دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے، کسی دباﺅ میں نہیں آئیں گے، ریاست کی رٹ ہر صورت قائم، دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائیگی، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کوئٹہ کا دورہ۔ وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اجلاس کو صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، جاری اقدامات اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان میں انسداد دہشت گردی فورس اور پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے کی پولیں کو مضبوط کرنے کے فیصلوں پر پیش رفت تیز کرنے پر اتفاق، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے درکار وسائل کی فراہمی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ بحالی امن کے لیے ماسٹر پلان پر فوری اور مو¿ثر عمل درآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امن و امان کی حکمت عملی میں سابق سربراہان بلوچستان پولیس کے تجربات اور مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، بہتر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ وفاق اور بلوچستان حکومت امن کے قیام کے لیے مکمل یکجہتی اور ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہر محاذ پر ایک قدم آگے رہیں گے اور کسی دباﺅ میں نہیں آئیں گے۔ ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم کی جائے گی، دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں چھوڑی جائے گی۔ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میرٹ کو فروغ دے کر نوجوانوں کا اعتماد بحال اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ امن، ترقی اور خوشحالی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، بلوچستان میں دونوں محاذوں پر بیک وقت پیش رفت یقینی بنائیں گے۔ وفاق کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور ترقیاتی منصوبوں پر مزید تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔


