نرسنگ کالج آف خاران کے اسٹوڈنٹس کی بنیادی سہولیات سے محرومی، فوری نوٹس لیا جائے،بساک
خاران (مانیٹرنگ ڈیسک)نرسنگ کالج آف خاران کے ہاسٹل میں مقیم اسٹوڈنٹس بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ ہاسٹل میں سیکورٹی، وارڈن اورخانسامہ جیسی بنیادی ضروری سہولیات کا مناسب انتظام نہیں ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ اسٹوڈنٹس کو ہاسٹل میں اس صورتحال کے ساتھ رہنے کے بعد یہ کہہ کر گھروں کو بھیج دیا گیا کہ ادارے کی انتظامیہ اس حوالے سے کوئی ذمہ داری نہیں لے رہی، اور اسٹوڈنٹس اپنے والدین سے تحریری اجازت لے کر اپنی ذمہ داری پر ہاسٹل میں رہیں۔ یہ ایک انتہائی سنجیدہ سوال ہے کہ کیا کوئی کالج یا یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کو داخلہ دینے کے بعد بنیادی سہولیات اور مناسب انتظامات فراہم کیے بغیر انہیں اس طرح اپنی ذمہ داری پر چھوڑ سکتی ہے۔اس صورتحال کے باعث اسٹوڈنٹس کی تعلیم شدید متاثر ہوئی ہے اور موجودہ سمسٹر کا کافی کورس ادھورا رہ گیا ہے۔ ایسے حالات میں اسٹوڈنٹس اپنی پڑھائی کس طرح جاری رکھیں گے اور وہ اس سمسٹر میں کامیابی سے امتحانات کیسے پاس کر سکیں گے، جبکہ انہیں تعلیمی اور رہائشی سہولیات کے حوالے سے بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔ کالج میں محض تین کنٹریکٹ بیس ٹیچرز اور صرف ایک پرمینینٹ میڈم تعینات ہیں۔ ہاسٹل میں واٹر کولر تو نصب ہے مگر سالوں سال صاف پینے کا پانی میسر نہیں، نہ چوکیدار ہے اور نہ وارڈن، جو اسٹوڈنٹس کو سنبھالے۔ اسٹوڈنٹس اپنی ضرورت کا سامان خریدنے کے لیے مقامی اسٹوڈنٹس کی مدد لینے پر مجبور ہیں، جو خود بھی اس بے حسی پر تنگ آ چکے ہیں۔مزید برآں کہ باہر سے آنے والے ٹیوٹر نرسز اور تدریسی عملہ بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور محنت کے ساتھ انجام دے رہے ہیں، جو انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے برعکس ایک قابل تحسین جذبہ ہے۔ہم محترم وزیر صحت، متعلقہ حکام اور ڈائریکٹر نرسنگ بلوچستان سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ نرسنگ کالج آف خاران کے اسٹوڈنٹس اور عملے کو درپیش ان سنگین مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے، ہاسٹل میں سیکورٹی، مستقل وارڈن،خانسامہ اور صاف پانی کا انتظام یقینی بنایا جائے، باہر سے آنے والے تدریسی عملے کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں اور اسٹوڈنٹس کا ادھورا رہ جانے والا کورس مکمل کروانے کے لیے فوری تعلیمی پلان ترتیب دیا جائے۔ ہم ذمہ دار انتظامیہ سے اس صورتحال کی وضاحت طلب کرتے ہیں تاکہ اسٹوڈنٹس کے مستقبل کو مزید نقصان نہ پہنچے۔ ان کی تعلیم، رہائش، تحفظ اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ہم نرسنگ کالج آف خاران کے سٹوڈنٹس کی آواز بننے کے ہر ممکن رہنمائی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم بطور سٹوڈنٹس تنظیم سٹوڈنٹس کے تعلیمی مستقبل کے تحفظ، جو ان کی بنیادی حق کے لیے ہر وقت آواز بلند کرتے رہیں گے۔


