پسنی، سمندری راستے سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 72 کلوگرام آئس برآمد
پسنی(مانیٹرنگ ڈیسک) اے این ایف نے پسنی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمندری راستے سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر مجموعی طور پر 72 کلوگرام آئس برآمد کر لی۔برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت تقریباً 2کروڑ روپے ہے۔ منشیات پسنی کے ایک غیرآباد علاقے میں زمین کے اندر گڑھے کھود کر چھپائی گئی تھی۔کارروائی کے دوران منشیات کی مبینہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ایک اسپیڈ بوٹ، تین انجن اور ایک ٹویوٹا پک اپ بھی قبضے میں لے لی گئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے اسمگل کرکے لائی گئی تھی، جسے اسپیڈ بوٹ کے ذریعے پسنی کے ساحل سے بین الاقوامی پانیوں کی طرف منتقل کیا جانا تھا۔اے این ایف کی بروقت کارروائی سے منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ترجمان کے مطابق منشیات سے منسلک اسمگلنگ نیٹ ورک اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، جبکہ ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔ ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔


