حکومت ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ کو سہولیات کی کمی کانوٹس لے،میر عبد القدو س بز نجو

کوئٹہ:اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی خبروں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ اپنی جانوں پر کھیل کر ہماری جانیں بچانے میں مصروف عمل ہیں اگر کہیں انہیں حفاظتی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی یا کمی بیشی رہ رہی ہے تو حکومت کو اس کا فوراً نوٹس لینا چاہیے اور ان کی صحت کے حوالے سے اس کمی بیشی کو دور کرنے کیلئے موثر اقدامات اُٹھانے چاہئیں اپنے ایک بیان میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ اُن کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کوئٹہ میں بعض ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ شاید حفاظتی سہولیات کی عدم فراہمی ہے جس کا اظہار ان کی تنظیموں کی طرف سے کیا جارہا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو اس اہم مسئلے کا فوری نوٹس لینا چاہیے کیونکہ وزارت صحت کا قلمدان بھی انکے پاس ہے اگر کہیں کمی بیشی ہے اُسے دور کرنے کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ اپنی جانوں پر کھیل کر ہماری جانیں بچانے میں مصروف عمل ہے اورانہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کا فرض ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ صوبائی حکومت کو وسائل کی کمی کا سامنا ہے اورانتہائی محدود وسائل میں بھی حکومت اس موذی مرض سے جس طرح نبردآزماہے وہ بھی قابل تحسین ہے حکومت محدود وسائل میں بھی قوم کے مسیحاؤں کی حفاظت کیلئے تمام سہولیات مہیا کرے،انہوں نے کہاکہ اس بات کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ اگر قوم کے مسیحاؤں کوسہولیات کی فراہمی میں غفلت ہورہی ہے توایک کمیٹی تشکیل دے کرتحقیقات کی جائیں اورغفلت کے مرتکب افراد کوسزا دی جائے کیونکہ موجودہ نازک صورتحال میں ہم کسی چھوٹی غلطی اور غفلت کے بھی متحمل نہیں ہوسکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں