یورپی یونین کا بیلاروس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا

یورپی یونین کے رہنما بیلا روس کی پروازوں کو یونین کے ملکوں کی فضا کے اوپر سے گزرنے پر پابندی عائد کر دینے پر متفق ہو گئے۔
بیلاروس کے حکومت مخالف صحافی کو گرفتار کرنے کے لیے اپنے فضا ئی حدود سے گزرنے والے ایک طیارے کو اترنے پر مجبور کرنے کے اقدام کے خلاف یورپی یونین نے پیر کے روزمنسک پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔
بیلاروس کے سکیورٹی حکام نے یونان سے لتھوانیا جانے والی ایک پرواز پر سوار ایک سرکردہ اپوزیشن صحافی کو گرفتار کرنے کے لیے طیارے کو منسک میں زبردستی اترنے پر مجبور کر دیا تھا۔ یورپی یونین کے رہنماوں نے اس کے خلاف بیلاروس کی پروازوں کو یورپی یونین کے ملکوں کے فضائی حدود کے اوپر سے گزرنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپی یونین کی برسلز میں جاری سربراہی کانفرنس میں اس فیصلے کو منظوری دی گئی۔
یورپی یونین نے یورپی حکام سے ”بیلاروس کی پروازوں کو یورپی یونین کے فضائی حدود کے اوپر سے گزرنے اور یورپی یونین کی ہوائی اڈوں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات” کرنے کے لیے کہا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی پروازوں کو بیلاروس کے فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
یورپی یونین کے اس فیصلے کے بعد ڈچ ایرلائن کے ایل ایم نے بیلاروس کے اوپر سے اپنی پروازیں نہیں لے جانے کا اعلان کیا۔ جرمن ایرلائن لفتھانزا نے پیر کے روز کہا کہ وہ مزید اطلاع تک بیلاروس کے اوپر سے گزرنے والی اپنی پروازیں عارضی طورپر معطل کر رہا ہے۔ لاطویائی ایر لائنز ایر بالٹک اور اسکینڈینیویائی ایر لائن ایس اے ایس نے بھی اسی طرح کے اعلانات کیے ہیں۔
اس کے علاوہ یوکرین کی حکومت نے یوکرین اور بیلاروس کے درمیان پروازیں بند کردی ہیں اور یوکرائنی پروازوں کو بیلاروس کے فضائی حدود کے اوپر سے نہیں گزرنے کی ہدایت دی ہے۔
برطانیہ نے بھی برطانوی پروازوں کو بیلا روس کے اوپر سے گزرنے سے گریز کرنے کا حکم دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں