حوثی باغیوں کی سعودی عرب کے سرحدی علاقے جازان پر گولہ باری

ریاض :سعودی عرب کے شہری دفاع نے بتایا ہے کہ یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے سرحدی علاقے جازان پر گولہ باری کی تاہم فائرنگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق جازان کے علاقے میں شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن مہند بن جاسر زیلعی نے بتایا کہ شہریوں نے حوثی دہشت گردوں کی طرف سے سعودی عرب کے اندر فائرنگ کی اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تو پتا چلا کہ حوثی ملیشیا نے5 گولے داغے جو شاہراہ عام کے قریب گرے ہیں تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔گذشتہ جمعرات کو یمن میں آئینی حکومت کی حمایت میں آپریشن کرنے والی عرب اتحادی فوج نے حوثی ملیشیا کے جازان کے علاقے پر حملوں کے لیے چھوڑے بمبار ڈرون طیارے تباہ کردیے تھے۔اتحادی فوج کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا دانستہ طورپر مملکت کے اندر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں