یونان میں بیوی کے ہاتھ پر بندھی سمارٹ واچ نے شوہر کا جرم فاش کر دیا

ایتھنز:یونان کی پولیس نے بتایا ہے کہ دارالحکومت ایتھنز میں 11 مئی کو قتل ہونے والی خاتون کے شوہر نے اعتراف کر لیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو خود قتل کیا۔ اس سے قبل خاتون کے شوہر نے پولیس کے سامنے دعوی کیا تھا کہ 3 چوروں نے اس کے گھر پر دھاوا بولا اور اس کو قید کر دیا۔ بعد ازاں ان لوگوں نے خاتون کو ان دونوں کے 11 ماہ کے شیر خوار بچے کے سامنے گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ 20 سالہ خاتون کے 33 سالہ شوہر نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ اس واقعے کا واحد گواہ خود یہ آدمی(شوہر)تھا۔البتہ گھر میں لگے سیکورٹی کیمرے اور بیوی کے ہاتھ پر بندھی اسمارٹ واچ سے حاصل نئے شواہد سامنے آنے کے بعد شوہر کو حراست میں لے کر اس سے طویل پوچھ گچھ کی گئی۔مذکورہ نئے شواہد نے شوہر کو اپنی بیوی کے قتل کے اعتراف پر مجبور کر دیا۔ شوہر نے بتایا کہ اس جرم کے ارتکاب سے قبل اس کا اپنی بیوی سے جھگڑا ہوا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں