اپوزیشن نے ایوان کے استحقاق کو مجروح کیا،اسپیکر بلوچستان کے اجلاس میں احتجاجاً شرکت نہ کرنے پر اتفاق،حکومتی و اتحادی جماعتیں

کوئٹہ: وزیراعلیٰ جام کمال عالیانی نے کہا ہے کہ جس پر ایوان پر ہم سب کو فخر ہے اس کے تقدس کو اپوزیشن نے پامال کیا، بلوچستان کی تاریخ میں کبھی ایسا واقعہ رونما نہیں ہو، پارلیمنٹ کی بالادستی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشت ہ روز حکومتی و اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گز شتہ روز وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے حکومتی و اتحادی جماعتوں کے اراکین نے ملاقات کی اور18جون کو بجٹ سیشن کے موقع پر اپوزیشن کی جانب سے ہنگامی آرائی سمیت دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے ارکان کی اسمبلی میں رونما ہونے والے واقعے پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے اس رویے سے پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔ ملاقات کے موقع پر حکومتی و اتحادی جماعتوں نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی جانب سے بلائے گے پارلیمانی لیڈرز کے اجلاس میں احتجاجا شرکت نہ کرنے پر اتفاق کیا اور کہاکہ صوبے کی روایات کو کسی صورت پامال ہونے نہیں دیں گے۔ اراکین نے موقف اختیار کیا کہ اگر اسپیکر اپنا کردار بہتر اور ذمہ دارانہ انداز میں ادا کرتے تو یہ نوبت نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کے غیر ذمہ دارانہ رویہ اور طرز عمل کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی جس کی وجہ سے نہ صرف بجٹ سیشن متاثر ہوا بلکہ اسمبلی کا تقدس بھی پامال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اتحادی جماعتوں کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ بلوچستان کی تاریخ میں ایسا واقع رونما نہیں ہوااس واقعے کی ہم سب شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ جس ایوان پر ہم سب کو فخر ہے اس کے تقدس کو اپوزیشن نے پامال کیا۔ وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعہ سے متعلق اتحادی جماعتوں کے اراکین کو یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ معاملے کو بلوچستان عوامی پارٹی کی سطح پر اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں