کراچی کی 11 یونین کونسلز سیل کرنے کا حکم واپس لینے کی ہدایت
کراچی :سندھ حکومت نے کراچی کی 11 یونین کونسلز سیل کرنے کا حکم واپس لینے کی ہدایت کردی صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ جن گلی محلوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، صرف انھیں سیل کیاجائے گا،ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم اب حکومت سندھ کی جانب سے انہیں یہ نوٹیفکیشن واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے ایک وزیر کے کہنے پر یونین کونسل سیل کیں تاہم اس فیصلے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اعتماد میں نہیں لیا گیا۔کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے کراچی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم،صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں یونین کونسلز مکمل سیل کرنے کا حکم واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جن گلی محلوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں، صرف انھیں سیل کیاجائے گا کیوں کہ اتنے بڑے علاقوں کو سیل کرنا عوام کے لیے تکلیف دہ ہوگا۔خیال رہے کہ جن 11 یونین کونسلز کو سیل کرنے کا حکم دیا گیا تھا، ان میں نئے بلدیاتی نظام کے مطابق یونین کونسل 22 گیلانی ریلوے اسٹیشن، یو سی 23 ڈالمیا، 24 جمالی کالونی، گلشن اقبال کی یو سی 24، 26، 28 اور 31 کے علاوہ تمام علاقہ، یو سی 27 پہلوان گوٹھ، یو سی 29 گلزار ہجری، یو سی 30 صفورہ، گلستان جوہر اور فیصل کینٹونمنٹ کا علاقہ، یو سی 2 منظور کالونی، یو سی 9 جیکب لائن اور یو سی 13 جمشید کواٹر کے علاقے شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 4 ہزار 897 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 1318 متاثرین کا تعلق سندھ سے ہے اور صوبے میں اب تک 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جو دیگر صوبوں سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔