قومی احتساب بیورو بلوچستان کی محکمہ مال کے 3تحصیلداروں سمیت 8افراد کیخلاف ریفرنس دائر

کوئٹہ:قومی احتساب بیورو بلوچستان نے ضلع گوادر میں اراضی کے سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور غیر قانونی فروخت کی تحقیقات مکمل کرکے محکمہ مال کے 3تحصیلدار وں سمیت 08 افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کردیا ہے۔ ملزمان نے ضلع گوادر میں ساحل سمندر کے قریب رہائشی علاقے کی انتہائی قیمتی اراضی کے ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کے ذریعے 32کروڑ 90لاکھ کا غبن کیا۔بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے ناگوری وارڈ میں سمندر کے قریب خصوصی محل وقوع کی حامل انتہائی قیمتی اراضی کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ تحصیلدار حفیظ الرحمن، بالاچ خان، محمد جان بلوچ، نائب تحصیلدار آغا ظفر، قانون گو نور احمد سیاپاد، پٹواری حفیظ اللہ منظور احمد اور عبدالخالق نے ملی بھگت سے سرکاری ریکارڈ میں ٹیپرنگ کرتے ہوئے ناگوری وارڈ کی زمین میں اضافہ کرکے 1034653اسکوائرفیٹ اراضی پرائیوٹ افراد کو فروخت کی۔ملزمان نے ریکارڈ کے ردوبدل کے ذریعے کروڑوں روپے اینٹھے۔قومی احتساب بیورو بلوچستان نے محکمہ مال کے افسران و اسٹاف کی کرپشن کے واضح شواہد کی روشنی میں ضلع گوادرکے تین تحصیلداروں سمیت 08ملزمان کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں