بنگلہ دیش، جوس فیکٹری میں آتشزدگی،51 ہلاکتوں کی تصدیق
ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریبا 20 کلومیٹر دور واقع ضلع نارائن گنج کی ایک جوس فیکٹری میں گزشتہ روز آتشزدگی کے باعث کم از کم 51 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔ضلع کے چیف ایڈمنسٹریٹر مستعین باللہ نے جمعہ کے روز شِنہوا کو بتایا کہ آج سہ پہر تک فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث مرنیوالے افراد کی تعداد بڑھ کر 51 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی سہ پہر مزید 49 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے بعد گزشتہ رات کی 2 اموات کو ملا کر ہلاکتوں کی کل تعداد 51 ہو گئی ہے۔عہدیدار کے مطابق آتشزدگی کے باعث 20 مزید افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور انہیں فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔عہدیدار نے کہا کہ آگ بجھانے والے 18 یونٹ 21 گھنٹے سے زائد وقت تک کی کوششوں کے بعد جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریبا 3 بجے مقامی فیکٹری کی 6 منزلہ عمارت میں لگی آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔ضلع نارائن گنج کی فائر سروس اور شہری دفاع کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایم ڈی عبدل العارفین نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ آگ جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق شام تقریبا 5 بجکر 30 منٹ پر ویلڈنگ کے دوران پیش آنیوالے حادثے کے باعث لگی تھی۔


