سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث مستونگ کنڈاوا پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا گیا، وزیراعلی سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ مستونگ کے قریب قومی شاہراہ 25-N پر کنڈوا پوسٹ کے نزدیک بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں بروقت اور مو¿ثر کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے گئے۔اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا گیا جبکہ جوابی کارروائی میں تین دہشتگردوں کی ہلاکت فورسز کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی کی اس بزدلانہ کارروائی میں دو بے گناہ شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس ہے اور حکومت شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردوں کا بلوچستان کے عوام، ان کی روایات اور اقدار سے کوئی تعلق نہیں، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور ترقی کا راستہ روکنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے قیام کے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں