پنجگور میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، عوام کی قوتِ خرید جواب دے گئی

پنجگور: پنجگور میں آٹے کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے باعث متوسط طبقے اور غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ سرکاری سطح پر گندم کی عدم دستیابی کے باعث شہر کی فلور ملز اور آٹا چکیاں بند ہو گئی ہیں، جس سے آٹے کی قلت اور قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجگور میں سرکاری گندم کی عدم فراہمی کے باعث فلور ملز اور آٹا چکیوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اس صورتحال کا براہِ راست بوجھ عام صارفین پر پڑ رہا ہے۔ پہلے ہی مہنگائی سے پریشان غریب اور متوسط طبقے کے لیے آٹا خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں نے انتظامیہ سے سوال کیا ہے کہ پنجگور کے لیے مختص گندم کا سالانہ کوٹہ کہاں گیا؟ اگر ضلع کے لیے گندم کا کوٹہ مختص ہے تو اس کی فراہمی کیوں یقینی نہیں بنائی جا رہی؟شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، متعلقہ حکام اور محکمہ خوراک سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجگور کے لیے سرکاری گندم کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے، بند فلور ملز اور آٹا چکیوں کو فعال کیا جائے اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب عوام کو بنیادی غذائی ضرورت مناسب قیمت پر دستیاب ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں