عالمی امن کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے،خواجہ آصف
برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی ناگزیر ہے۔یورپی پارلیمنٹ برسلز میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کا عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں متحرک کردار عالمی سطح پر پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کی روشن مثال ہے۔ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، عالمی امن مشنز میں 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ تنازعات کے علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات مزید بڑھا سکتی ہے، امن مشنز کے مینڈیٹ حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے بھرپور اور دیرپا سیاسی حل سے ہم آہنگ ہونے چاہئیں۔ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مو¿ثر نمائندگی دی جانی چاہیے، امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری عالمی تنازعات کو مزید ہوا دے رہے ہیں، پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ عالمی امن کے لیے دیرینہ تنازعات کا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے، جبکہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور موسمیاتی و ترقیاتی وعدوں کی تکمیل بھی ناگزیر ہے۔ پاکستان ایک جامع اور مو¿ثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام کے لیے پل کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور عالمی سطح پر وقارِ انسانیت، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔


