وزیر اعلیٰ سے پاکستان اور بلوچستان بار کونسل کے وفد کی ملاقات، وکلاءکی فلاح و بہبود کے لیے چار اہم حکومتی نوٹیفکیشنز حوالے

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان بار کونسل اور بلوچستان بار کونسل کے اراکین ایڈووکیٹ منیر احمد کاکڑ، ایڈووکیٹ نادر علی چھلگری، نجیب احمد کاکڑ ، افضل حریفال نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے وکلاءکی فلاح و بہبود، طبی سہولیات، قانونی معاونت، مالیاتی سہولیات اور دورانِ فرائض جان کا نذرانہ پیش کرنے والے وکلاء کے لیے حکومتی اقدامات پر مبنی چار اہم نوٹیفکیشنز وفد کے حوالے کیے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے تحت محکمہ قانون کی جانب سے وکلاءکو قانونی مشاورتی معاونت (لیگل ایڈوائزری) کی سہولت فراہم کرنے کا اقدام کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن کے مطابق وکلاءکو گریڈ 18 کے سرکاری ملازمین کے مساوی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اسی طرح محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے تحت دورانِ فرائض دہشت گردی یا کسی ناخوشگوار واقعے میں جان سے ہاتھ دھونے والے وکلاءکو شہید قرار دے کر شہداءکے لیے مقررہ حکومتی مراعات اور فوائد فراہم کیے جائیں گے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت وکلاءکے لیے مالیاتی اداروں سے قرضوں، کریڈٹ کارڈز اور دیگر بینکاری سہولیات تک رسائی کو ممکن بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وکلاءمعاشرے میں قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور آئینی حقوق کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان وکلاءکی پیشہ ورانہ ضروریات، فلاح و بہبود اور تحفظ کو اہمیت دیتی ہے اور ان کے لیے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دورانِ فرائض وکلاءکو درپیش خطرات اور مشکلات کا ادراک ہے، حکومت ان کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وکلاءبرادری کے مسائل کے حل اور انہیں درکار سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ذریعے اقدامات جاری رکھیں گے۔ وکلاءکے وفد نے حکومتی اقدامات پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں