کوئٹہ،ویکسین ڈیٹا کے اندراج کیلئے ناقص انتظامات، شہریوں کیلئے نادرا سرٹیفکیٹ کا حصول عذاب

کوئٹہ:سول اسپتال میں کورونا ویکسین لگوانے والوں کے ڈیٹا کے اندراج کے لیئے ناقص انتظامات، شہریوں کیلئے نادرا سرٹیفکیٹ کا حصول عذاب بن گیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کے حوالے سے مسلسل سختیوں کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے کیلئے مختلف سینٹرز کا رخ کررہی ہے جس کی وجہ سے ویکسینیشن سینٹرز پر شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ تاہم ویکسینیشن سینٹرز پر شہریوں کے ڈیٹا کے اندراج کے حوالے سے ناقص انتظامات کے باعث دو ماہ قبل ویکسین لگوانے والے شہریوں کا ریکارڈ بھی تاحال نادرا کی ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ ہوسکا، جسکی وجہ سے شہریوں کو نادرا سرٹیفکیٹ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سول اسپتال کے کویڈ ویکسین ڈیٹا سینٹر کے باہر لمبی لائن میں کھڑے شہریوں کے مطابق مسلسل چکر لگانے کے باوجود بھی انکی شنوائی نہیں ہوئی۔ سول اسپتال میں قائم ڈیٹا سینٹر سے انہیں ای پی آئی سینٹر بیجھ دیا جاتا ہے جہاں جانے پر انہیں بتایا جاتا ہے کہ وہ سول اسپتال کے کورونا ویکسین لگوانے والوں کا ریکارڈ اپلوڈ کرنے کے مجاز نہیں ہیں، ایسے میں جب ملک میں ہوائی سفر سمیت دیگر کئی سہولیات کورونا ویکسین کے نادرا سرٹیفکیٹ سے منسلک ہوچکی ہیں تو ان کے لئے سرٹیفیکیٹ کا عدم حصول ایک ذہنی کوفت بن چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں