شہبازشریف کا کورونا وائرس سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ
لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کورونا وائرس سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطرات کے مقابلے کیلئے حکومت کی ابھی تک کوئی حکمت عملی سامنے نہ آنا تشویشناک ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کو کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر اپنا موثر کردار کرنا چاہیے،عوام کے بچاؤاور تحفظ کے لئے مہم چلائی جائے،ہنگامی صورتحال میں ادویات اور ماسک بنانے والی کمپنیاں قومی کردار اد اکریں اوراور کم قیمتوں پر فراہمی کا جذبہ دکھائیں،انسانی جانوں پر منافع کمانا سب سے بڑا ظلم ہے، ایسے لوگ خدا سے ڈریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ماسک فراہمی کو یقینی بنائے،تیزی سے گزرتے وقت کے نتائج خدا نہ کرے بہت بھیانک ہو سکتے ہیں،پولیو اور ڈینگی سے نمٹنے میں حکومتی کوتاہیوں کے نتیجے میں خدشات بہت زیادہ ہیں،کورونا وائرس کے معاملے میں کوئی رسک نہیں لیاجاسکتا،سکولوں میں خصوصی حفاظتی انتظامات کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔